نئی دہلی، 27؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)لیفٹیننٹ گورنر اور مرکزی حکومت پر نئے سرے سے حملہ بولتے ہوئے اروند کیجریوال نے آج الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نجیب جنگ کے ذریعے آپ حکومت کے کئی فیصلوں کو پلٹنا اور دہلی خاتون کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال کو ہٹانا چاہتے ہیں اور دعوی کیا کہ ڈی سی ڈ بلیو کی صدر کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔قابل غورہے کہ جنگ نے کل کہا تھا کہ 4 ؍اگست کے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد وہ آپ حکومت کے غیر قانونی فیصلوں کو پلٹنے اور اس میں ترمیم کرنے کے عمل میں مصروف ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے اس بیان کے ایک دن بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے کیجریوال نے یہ حملہ بولا ہے ۔کیجریوال نے دعوی کیا کہ لیفٹیننٹ گورنر اور مرکز کم از کم مزدوری اورغیر متعینہ کمی کے لیے ڈسکام کو ذمہ دار ٹھہرائے جانے سمیت عوام سے سے جڑے کئی فیصلوں کو پلٹنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نجیب جنگ اپنی کرسی بچانے کے لیے جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں۔کیگ سے جڑے تنازعہ پر دہلی کے وزیر اعلی نے کہا کہ آڈیٹر نے مرکز اور دیگر ریاستوں کے اشتہارات کے اخراجات کے آڈٹ سے صاف انکار کر دیا۔انہوں نے سوال کیا کہ آخر ایسا کیوں؟ کیا کیگ بی جے پی کے دباؤ میں ہے؟کیجریوال نے ایک ٹوئٹ میں دعوی کیاکہ ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعظم کا دفتر بہترین کام کرنے کے لیے سواتی مالیوال کو ہٹانے پر تلے ہیں۔انہیں آنے والے دنوں میں گرفتار کیا جائے گا اور اس کے بعد عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر محلہ کلینک بنانے اور فلائی اوور کا پیسہ بچانے والوں کو ہٹانا چاہتے ہیں۔